اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے سنگین الزامات پر عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمر زمان کائرہ، نیّر بخاری اور فرحت اللّٰہ بابر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا آصف علی زرداری پر الزام جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ نیّر بخاری نے کہا کہ عمران خان کی الزام لگانے کی روایت نئی نہیں، وہ آج تک الزامات کو ثابت نہیں کر سکا اور نہ کسی فورم پر گیا، وہ سیاسی طور پر مر چکا ہے، وہ ڈپریشن اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں عمران خان اداروں، الیکشن کمیشن، سابق آرمی چیف پر الزام لگاتا ہے، عمران خان کو لیگل نوٹس جاری کر رہے ہیں۔فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ زرداری صاحب نے اسے قتل کرنے کے لیے دہشت گرد تنظیموں سے رابطہ کیا، اقتدار سے محروم ہو جانے کی وجہ سے ان کا ذہنی توازن خراب ہو گیا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ہوا ہم نے کہا تھا کمیشن بنائیں، ان کی الزام تراشیوں کی مذمت کرتے ہیں۔