کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کہ قیمتوں میں اضافے کا اثر براہِ راست روزمرہ استعمال کی اشیاء ضروریہ پر پڑے گا اور ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ظلم ہےانہوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے جس سے عوام میں اشتعال اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وڈیروں زمینداروں کے خوف سے زرعی ٹیکس نہ لگانا پاکستان اور اسکے عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔
انہوں مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لینے کا حکم دیں اور حکومت ورکنگ کلاس پر ٹیکس حملے کرنے کے بجائے فی الفور زرعی ٹیکس نافذ کرے۔
