ویٹیکن سٹی : رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس نے مشرقِ اوسط میں تشدد میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل اورفلسطین تنازع کے دونوں فریقوں پر زوردیا ہے کہ وہ ’امن کے لیے مخلصانہ تلاش‘ میں شامل ہوں۔ پوپ نے گزشتہ روز ویٹی کن سٹی میں سینٹ پیٹرز اسکوائر میں روایتی مذہبی دعا کے بعد کہاکہ موت کا سلسلہ روزبروز بڑھتا جا رہا ہے اوریہ صرف طرفین کے لوگوں کے درمیان موجود اعتماد کی چند چمکوں کو بند کرتا ہے۔
86 سالہ پوپ فرانسیس مغربی کنارے میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ایک خاتون سمیت 10 فلسطینیوں کی شہادت اور جمعہ کومقبوضہ بیت المقدس (مشرقی یروشلم) میں ایک یہودی عبادت گاہ کے باہر فلسطینی مسلح شخص کے حملے کا حوالہ دے رہے تھے۔پوپ نے کہا کہ ’’اس سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی مارے جاچکے ہیں۔میں دونوں حکومتوں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بغیرکسی تاخیرکےدیگرراستے تلاش کریں۔ان میں مذاکرات اور امن کی مخلصانہ تلاش شامل ہے۔
انھوں نے کہاکہ مجھے بہت دکھ کے ساتھ مقدس سرزمین سے آنے والی خبروں کے بارے میں پتاچلتا ہے۔
