شرجیل میمن کی ایشیائی ترقیاتی بینک کو کراچی میں کیمپ آفس قائم کرنے کی تجویز

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو کراچی میں کیمپ آفس قائم کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ رابطہ مستحکم ہو اور پاکستان کے پہلے بایو گیس پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ ( بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ) میں روز مرہ کی رکاوٹیں اور مسائل خوش اسلوبی سے حل کئے جائیں اور پروجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔

یہ تجویز صوبائی وزیر نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد سے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اجلاس میں دی ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی سربراہی سینیئر اربن ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ لائیڈ رائٹ کر رہے تھے، جبکہ وفد میں سینیئر آپریشنز منیجر لیزا جین ، سینیئر پروجیکٹ آفیسر شوکت شفیع ، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر طاہر شیخ ، کنسلٹنٹ صادق آفتاب بھی شامل تھے ۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ، جی ایم انفرا اسٹرکچر ٹرانس کراچی پیر سجاد اور دیگر بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون ماڈل کالونی سے نمائش چورنگی تک بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پروجیکٹ میں حائل رکاوٹوں ، مسائل کے حل سمیت بس ڈیپو اور بایو گیس پلانٹ پر کام کے آغاز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کی 100 فیصد اونرشپ لیتی ہے ، پروجیکٹ کراچی کی گنجان آبادی میں زیر تعمیر ہے ، جس میں کئی محکموں کی انسٹالیشن موجود ہیں ،تاہم سندھ حکومت تمام مسائلِ دور کرنے کےلئے کمیٹڈ ہے، پروجیکٹ میں جتنے بھی ایڈمنسٹریٹو مسائل ہیں ، ان کے حل کے لئے سندھ حکومت ہر وقت موجود ہے۔

صوبائی وزیر نے وفد کو آگاہی دی کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے لئے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے الہ دین پارک میں بس ڈیپو کی تعمیر کے لیے زمین ٹرانس کراچی کے حوالے کر دی ہے جبکہ بھینس کالونی میں بایو گیس پلانٹ کی تعمیر کے لیے بھی زمین مختص کر دی ہے ، کے ایم سی جلد یہ زمین ٹرانس کراچی کے حوالے کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی خواہاں ہے ،
سندھ حکومت کی جانب حال ہی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں شروع کئے گئے کامیاب منصوبوں کے بعد عوام کی دلچسپی ان منصوبوں میں بڑھ گئی ہے۔