کراچی:مئیرکراچی کے لیے پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی میں سمجھوتہ کرانے کے لیے مشترکہ دوست سرگرم ہوگئے،دوبرس پیپلزپارٹی اوردوبرس جماعت اسلامی کے مئیرکوتخت کراچی پرحکمران بنانے کی تجویز پیش کردی گئی ہے،مشترکہ مئیربنانے کے سمجھوتے کے تحت پیپلزپارٹی کی جانب سے سعید غنی اورجماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن امیدوار ہونگے۔
بزنس ٹائیکون کی جانب سے مشترکہ مئیرکی تجویز پردونوں جماعتوں کوپارٹی قیادت کے سگنل کا انتظارہے،مشترکہ مئیرپر اتفاق رائے کے لیے جماعت اسلامی کوآئندہ عام انتخابات میں کراچی میں ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں میئر کی سیٹ کے لیے سیاسی جوڑ توڑ اور مذاکرات کا سلسلہ تیز ہوگیا ہےپیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی میئر شپ سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں اس صورتحال میں ملکی سیاست میں پس پردہ کردار اداکرنے والے حلقے پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی میں سمجھوتے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بزنس ٹائیکون کے توسط سے تخت کراچی پرحکمرانی کے لیے پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی کودو،دوسال مشترکہ حکمرانی کی تجویزپیش کی گئی ہے بلدیاتی اداروں کی چارسالہ مدت کے دوران دوبرس پیپلزپارٹی جبکہ دوبرس جماعت اسلامی کا مئیرتخت کراچی پرحکمرانی کرےگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے مابین مئیراورڈپٹی مئیرکے عہدے کے لیے اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث تیسرے فریق نے سمجھوتے کے لیے متعدد تجاویز پیش کی ہیں جن میں سب سے اہم پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی کومشترکہ مئیرکی تجویز پیش کرتے ہوئے باری باری دو،دوبرس اپنا اپنا مئیرلانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
تخت کراچی پرحکمرانی کے لیے جماعت اسلامی کوپیپلز پارٹی یا پھر تحریک انصاف سے ہاتھ ملانے کا اہم ترین فیصلہ کرنا ہے جماعت اسلامی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ طورپردوبرس پیپلزپارٹی اوردوبرس جماعت اسلامی کا مئیربنانے کی تجویز کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی اورحمتی فیصلہ امیرجماعت اسلامی پاکستان کا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو،دوبرس کے لیے مئیربنانے کی تجویز کے تحت پیپلزپارٹی کی جانب سے سعید غنی مئیرکے امیدوارہونگے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے دونوں صورتوں میں مئیرکے امیدوارحافظ نعیم الرحمن ہونگے۔