میانوالی: میانوالی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ 20 سے 25 دہشت گردوں نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال کو گھیر کر شدید فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس کے جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہوکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے تاہم وہ پہاڑوں پر چڑھ کر پولیس اسٹیشن پر فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ جوابی فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کو مکڑوال پولیس کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان میانوالی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او میانوالی مزید نفری اور ایلیٹ فورس کے ساتھ تھانہ مکڑوال روانہ ہوگئے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو جرات سے خاک میں ملایا، پولیس کے جری جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے دلیر جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے یہ جوان قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔
