کراچی: قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نےکہا ہے کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس جیسا ملک میں لاقانونیت کا راج قائم ہے، جو بھی آواز حق بلند کرتا اسے گرفتار کر کے آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کو نشانہ بنا کر ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان سے دھیان ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر ملک میں خودکش حملے شروع ہوچکے ہیں پی ڈی ایم حکومت کے ہوتے ہوئے ملک میں استحکام نہیں آسکتا، ان چوروں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے اور ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر رکھا ہے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران خوب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ پی ڈی ایم حکومت نے 10 ماہ میں معیشت اور جمہوریت دونوں کو تباہ کردیا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا فوری طور نئے شفاف انتخابات ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں اب بند کمروں میں فیصلوں کا دور نہیں ہے ملک اور قوم کی ترقی کے فیصلے عوام نے کرنے ہیں عوام جس کو اپنا مینڈیٹ دیتے ہیں اس کو حکومت کرنے کا حق ہے، ظلم کا دور زیادہ نہیں چل سکتا ہے ان چوروں کا وقت ختم ہونے والا ہے۔
