کراچی , لاہور ,اسلام آباد: ملک سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایاگیا ۔دن کے اختتام پر بھارتی جارحیت اور مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کی گئیں جس میں عالمی برادری سے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خاتمے کے لئے موثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔
کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یک جان دو قالب ہونے کا اظہار کیا گیا جب کہ صبح 10بجےسائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔
آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کاخصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔یوم یکجہتی کشمیرملک بھرخصوصی تقاریب , سیمینار اور اجتماع منعقد کیے گئے جس میں کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے اس موقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ 75 سال سے بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ اختیار کر چکی ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
