کراچی : ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے کئےگئے سروے کے بعدشہر کی 250سے زائد اسکیمیں سندھ حکومت کے ماتحت چلنےوالے پروجیکٹ (CLICK) کو منتقل کردی گئیں۔
کے ڈی اے نے گذشتہ غیر معمولی بارشوں کے دوران شہر کے تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر سے متعلق رپورٹ سندھ حکومت کو ارسال کی تھی۔ سندھ حکومت کے احکامات پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ اور سابقہ ممبر فنانس کے ڈی اے اور موجودہ میونسپل کمشنر سیدشجاعت حسین کی نگرانی میں ادارے کی ٹیم نے شہر کی سڑکوں کاسروے کرکے250 سے زائداسکیموں کامنصوبہ تیارکیاجس میں سڑکوں کی اہمیت، موجودہ حالت بشمول لمبائی وغیرہ کےمتعلق رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کی گئی تھی۔
ادارہ ترقیات کراچی کی پیش کردہ رپورٹ کے بعدسندھ حکومت نے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے اقدامات پر عملدرآمد کے لیےتمام منصوبے (CLICK) کو منتقل کردیے ہیں۔
کےڈی اے رپورٹ کےمطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کی 50 اسکیموں میں 7مکمل اور 15 پر ترقیاتی کام جاری ہے، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی46 اسکیموں میں سے 5 مکمل اور 8 اسکیمیں تکمیل کےمراحل میں ہیں۔
ضلع ملیر کی 11 اسکیموں میں سے 04 پر کام جاری ہے جبکہ ضلع کورنگی کی 7 میں سے 3، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی7میں سے 3 اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 95میں سے 20 پر ترقیاتی کام جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کی بھی20 اسکیموں میں سے10 پر ترقیاتی کام جاری ہے۔
