کراچی :ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں ضمنی انتخابات کے لیے مقرر کیے گئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران پر اعتراض کردیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 9 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے مقرر کئے گئے افسران کا تعلق کراچی سے نہیں بلکہ انہیں سندھ کے مختلف شہروں سے بلایا گیا ہے اس سے انتخابی عمل کی غیر جانبداری اور شفافیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے تعینات افسران کا تعلق اگر اسی علاقے سے ہوگا تو وہ زیادہ بہتر انداز میں معاملات کو سمجھ کر کام کرسکیں گے، دوسرے شہروں سے افسران کی تعیناتی سے پری پول دھاندلی کا تاثر پیدا ہورہا ہے۔
خالد مقبول کاکہناتھاکہ ایم کیو ایم درخواست کرتی ہے کہ قومی اسمبلی کے ان حلقوں کے ڈی آر اوز اور آر اوز کو تبدیل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی منفی تاثر سے بچا جاسکے۔
