سرجانی سے چھینا گیا ٹرک بلوچستان سے مل گیا

کراچی :سرجانی ٹاؤن میں اسلحے کے زور پر چھینا گیا ٹرک اے وی ایل سی پولیس نے چند گھنٹے میں برآمد کر لیا۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ایس ایس پی انور کھیتران کے مطابق ٹرک چھیننے کی واردات بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سرجانی ٹاؤن میں کچا پکا روڈ پر پیش آئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے گارڈن کے رہائشی زوہیب کو یرغمال بنا کر ٹرک نمبر JV-4053 چھین لیا تھا۔ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل انور کھیتران نے بتایا کہ ٹرک کی بازیابی کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کی اور چھینا گیا ہینو ٹرک حب بلوچستان میں پایا گیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس کی ٹیم نے فوری کارروائی کر کے بلوچستان سے مذکورہ ٹرک کو برآمد کر لیا۔