کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ صوبائی الیکشن کمیشن کے باہر آج احتجاج کیا جائے گا، ملتوی شدہ 11 نشستوں پر فوری شیڈول کا اعلان کیا جائے، جن یوسیز میں انتخابات ہوچکے، نتائج کو نوٹیفائی اور چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز سے حلف لیا جائے۔ مخصوص نشستوں پر بھی انتخاب کرایا جائے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں، 22 فروری کو ECP میں آخری سماعت ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہاکہ اکہ ان 6 یوسیز کا فیصلہ اور نتیجہ جاری کیا جائے، جن کے فارم 11اور 12 ہمارے پاس موجود ہیں، زیر سماعت باقی نشستوں پر بھی جلد فیصلہ کیا جائے، پیپلز پارٹی جتنی بھی کوشش کرلے، چوری پکڑی جائے گی۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ جماعت اسلامی پر عوام نے اعتماد کا ہے، عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کریں گے، جمہوری طریقہ اختیار کیا جائے گا،قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کا اعلان کردیا گیا لیکن 11 ملتوی شدہ بلدیاتی نشستوں پر شیڈول جاری نہیں کیا جارہا، شہر میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کے باوجود جرائم میں اضافہ ہورہا۔
حافظ نعیم نے کہاکہ جب تک پولیس سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالا جائے گا، امن قائم نہیں کیا جاسکتا، منشیات کے اڈے چل رہے، تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت ہورہی، ایسا کیسے ہو سکتا ہےکہ یہ سب کچھ پولیس کے علم میں نہ ہو، ان کا کہنا تھا کہ سردیوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہورہی، گیس بحران نے گھریلو صارفین اور صنعتکاروں کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا، مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہورہا، حکومت اپنی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔
