کراچی : اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا ، پولیس نے ملزمان کے قبضے و نشاہدہی پر 4 کاریں برآمد کرلیں۔
ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق گرفتار کار لفٹر گروہ لیاری سے اپنے گروپ کا آپریٹ کرتے تھے جو کہ کراچی سے چوری کی گئی کاریں بلوچستان میں لیجا کر فروخت کرتے تھے ۔
ملزمان کی شناخت عرفان شاہ ، راحیل ، ضمیر شاہ اور سکندر شاہ کے نام سے کی گئی جبکہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والی 4 کاریں شہر کے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی تھیں ، ترجمان کے مطابق اے وی ایل سی سٹی ڈویژن کے ہاتھوں گرفتار کار لفٹرز عادی جرائم پیشہ اور شہر سے کاریں چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ ملزمان کراچی سے ایک درجن سے زائد کاریں چوری کر کے بلوچستان لیجا کر فروخت کرچکے ہیں ۔
ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ چوری کی گئی۔ کاریں بلوچستان میں عبیداللہ آسکانی کو فروخت کرتے ہیں ، ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والی ایک کار کا چیسز مٹا دیا گیا تھا جس کا ایف ایس ایل کی مدس ے معائنہ کرایا جا رہا ہے ، اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل گرفتار کار لفٹرز کے مفرور ساتھی ارشد علی اور کاروں کے خریدار عبیداللہ آسکانی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔
ملزمان کے قبضے سے ملنے والی کاریں سعود آباد ، فریئر ، فیروز آباد اور ائیر پورٹ کے علاقے سے چوری کی گئی تھیں جن کے مقدمات ان تھانوں میں درج ہیں ۔
