کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات و گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت 170ارب روپے کے منی بجٹ اور نئے ٹیکسز کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کا ایک اور ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کی دعویدار اتحادی حکومت اور لانگ مارچ کرنے والے خود مہنگائی میں اضافہ کر رہے ہیں،پیٹرول 22.20روپے، ڈیزل 17.20روپے،گیس کی قیمتوں میں 113فیصداضافہ کرنے والے بتائیں عوام کو ریلیف کیسے ملے گا؟۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی اقتصادی اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی اور ڈکٹیشن قبول کرنے کے سوا کچھ نہیں، ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیاہے، قرض مختلف حکومتوں نے لیا، حکمران ٹولے نے اسے اپنی شاہ خرچیوں اور عیاشیوں پر لٹایا اور ملک کے بچے بچے کو ان قرضوں میں جکڑ دیا۔
ان کا کہناتھاکہ آج حکمرانوں کے بجائے ساری قربانیاں عوام سے لی جا رہی ہیں۔ بجلی، گیس، پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے اور حالیہ اضافے و ظالمانہ منی بجٹ نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے، حکمرانوں کی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کو کم کرنے کے بجائے عوام کو دی جانے والی سبسیڈی کم سے کم کی جارہی ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے جن اشیاء پر براہ راست ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے ان کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔