کراچی حملہ : امریکا نے پاکستان میں مقیم اپنے شہریوں کو سفری ایڈوائس جاری کر دی

کراچی :پولیس آفس حملے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ میڈیا رپورتس کے مطابق کراچی پولیس آفس حملے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں متاثرہ علاقے میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم امریکی شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں، متاثرہ علاقے میں جانے سے گریز کریں، دوستوں اور اہل خانہ کو اپنی حفاظت کے بارے میں مطلع کریں۔

امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کراچی پولیس آفس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، تشدد کسی بھی چیز کا جواب نہیں اسے رکنا چاہیے۔