متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ دنوں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں مسلمانوں میں قرآن پاک کی بے حرمتی کئے جانے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس طرح کے اشتعال انگیز اسلاموفوبک عمل دنیا بھر کے مسلمانوں کی مذہبی حساسیت کو ٹھیس پہنچاتا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے کے نام پر ایسی کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ عالمی برادری سمیت تمام مملکت اسلاموفوبیا، زینوفوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
رابطہ کمیٹی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اپنے تحفظات سویڈن کے حکام تک پہنچائیں اور سویڈن کی حکومت پر زور دے کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے اسلاموفوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔