کراچی : پولیس آفس پر دہشت گردانہ حملہ کیس میں اہم پیش رفت،ملوث دہشت گردوں کا سہولت کار گرفتارکر لیا گیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے علاقے میں کارروائی کی۔ اس چھاپہ مار کارروائی میں کے پی او پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کار کو حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم کے پی او پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کا براہ راست سہولت کار تھا۔ اس سے مزید تفتیش بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں اہم شواہد ملنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ جمعے کی شام صدر میں واقع کراچی پولیس ہیڈ آفس پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کو سیکورٹی فورسز نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔
اس آپریشن میں دو دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے تھے جبکہ ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔حملے میں رینجرز اور پولیس کے 3 اہلکار شہید اور ایک خاکروب جاں بحق ہوا تھا۔اس حملے کی ذمہ داری سوشل میڈیا کے ذریعے کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی۔
اس دہشت گرد واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا تھا جس میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ہلاک 3 دہشت گردوں سمیت 5 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
