زلزلہ: اموات47 ہزار، ریسکیو آپریشن ختم کرنے کا اعلان

انقرہ؍دمشق : ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے اموات47 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ میں اب تک 41 ہزار 642 اموات ہو چکی ہیں اور اب بھی ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شام میں 6 ہزار 814 افراد چل بسے۔متاثرہ علاقوں میں تاحال ریسکیو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ترک شہر انطاکیہ میں سرچ آپریشن کے دوران ریسکیو ٹیموں نے بچے سمیت 3 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔دوسری جانب ترجمان کے مطابق پاکستان سے جانیوالی ریسکیو1122کی ٹیم نے ترکیہ میں سرچ اینڈریسکیوآپریشن کے دوران زلزلے سے متاثرہ علاقے حطائے سے منہدم عمارتوں سے3لاشیں نکال لیں،ریسکیوٹیم آدیامان اورحطائے میں 146مختلف لوکیشنزکوسرچ کرچکی ہے،ریسکیوٹیم اب تک ملبے سے15لوگوں کوزندہ نکال چکی ہے۔

ترکیہ کی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے ایک امدادی مہم میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے چھ ارب ڈالر سے زیادہ رقوم جمع کرلی۔’ترکی ون ہارٹ‘ کے نام سے مہم میں ملک کے آٹھ قومی نشریاتی اداروں نے حصہ لیا اور مشہور شوبز ستاروں کے ذریعے عطیات جمع کئے گئے۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قہر مان مرعش کے ایک قصبے میں تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ ہٹانے والے بلڈوزر آپریٹر نے کہا کہ ہم ٹنوں وزنی ملبے کے نیچے سے لاشیں نکالتے ہیں، خاندان امید کے ساتھ منتظر ہیں، وہ اپنے پیاروں کا جنازہ اور تدفین چاہتے ہیں۔

ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ یونس سیزر نے کہا کہ تلاش اور بچاؤ کی کوششیں اتوار کی رات کو ختم ہوگئی ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: