شادی کے فوری بعد میگھن کی نئی تصاویر سامنے آگئیں

شاہی خاندان کے چھوٹے سپوت شہزاد ہ ہیری اور ان کی دلہنیا میگھن مارکل کو شادی کے موقع پر دنیا بھر سے تحائف موصول ہوئے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے تحفوں کی جگہ 7 فلاحی اداروں کے لیے عطیے کی گزارش کے باوجود دونوں کے لیے تحفوں کا انبار لگ گیا۔

سب سے قیمتی تحفہ ملکہ برطانیہ نے دیا، انہوں نے سینڈرنگم میں واقع تاریخی ’یارک کاٹیج‘نوبیاہتا جوڑے کو تحفے میں دیا۔

آسٹریلوی حکومت نے اپنے ایک چڑیا گھر میں کوالاز کی جوڑی کو ہیری اور میگھن کے نام سے منسوب کردیا جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بُل نے خصوصی آسٹریلوی ثقافت کی آئینہ دار ہیٹ پیش کی اور ساتھ ہی 10 ہزار ڈالر عطیہ کیے۔

شادی کے بعد ہیری اور میگھن نوٹنگھم کاٹیج میں رہیں گے۔ کینسنگٹن محل کے ساتھ ہی دو بیڈروم، دو لانگ رومز، ایک باتھ روم اور باغ پر مشتمل یہ ننھا سا خوبصورت گھر شہزادہ ہیری کے بچپن کی یادگار ہے اور حال ہی میں شہزادہ ولیم اور کیٹ کے زیر استعمال تھا۔

شادی کے موقع پر شہزادہ ولیم کے برابر میں خالی کرسی کے بارے میں بین الاقوامی میڈیا کی قیاس آرائیاں غلط ثابت ہوئیں۔ شاہی خاندان سے متعلق رپورٹنگ کرنے والے خصوصی جریدے کے مطابق کرسی پیچھے بیٹھی ملکہ برطانیہ کے لیے خالی چھوڑی گئی تھی تاکہ انہیں سامنے کے مناظر دیکھنے میں دشواری نہ ہو، نہ کہ آنجہانی لیڈی ڈائینا کے لیے۔

شاہی خاندان نے شادی کی 3خصوصی فیملی تصاویر بھی جاری کردی ہیں جن میں ننھی شہزادی شارلٹ اور شہزادہ جارج سمیت شرارتی بچوں کی ٹولی کے ساتھ بنائی گئی تصویر نے سب کے دل جیت لئے ہیں۔


خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔