اسلام آباد: قومی اسمبلی میں کورم نامکمل ہونے کے باوجود ضمنی مالیاتی بل منظور کر لیا گیا۔قومی اسمبلی اجلاس کے کورم کیلئے 86 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے کل 68 ارکان موجود تھے۔اپوزیشن کی منی بجٹ میں پیش کی گئی ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔
اسپیکر راجہ پرویزاشرف کے زیرصدارت اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےضمنی مالیاتی ترمیمی بل 2023 پربحث کے دوران چند مزید ترامیم پیش کیں۔
وزیر خزانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ صحت کیلئے اچھا نہیں ہے، ہم نے عام لوگوں پر ٹیکس نہیں لگایا، ہم نے بڑے ائیر کنڈیشنز شادی ہالز پر ٹیکس لگایا ہے، چھوٹے ریسٹورنٹ یا شادی ہالز پر ٹیکس نہیں لگایا، اکانومی کلاس کے ایئرٹکٹس پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، ہم نے ایلیٹ کلاس پر بوجھ ڈالا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف 800 ارب کے ٹیکسز کا کہہ رہا تھا، وزارت خزانہ کی ٹیم آئی ایم ایف کو 170 ارب کے ٹیکسز پر لائی، اس ایوان کو معاشی ٹیم کو مبارکباد دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ 3000 ارب کی بجلی بناتے ہیں لیکن صرف 1550 ارب روپے اکٹھا کر پاتے ہیں، پاور سیکٹر کو بجلی چوری، لائن لاسز جیسے مسائل کا سامنا ہے، حکومت ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس ہدف پورا کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی قابو سے باہر ہے، لیکن کیا یہ سب چار ماہ میں ہوا؟ پچھلے دور حکومت میں پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ اس منی بجٹ میں شادی تک پر ٹیکس لگادیا گیا جبکہ شادی سنت نبویؐ ہے اسے آسان بنانا آئین کا تقاضا ہے، شادی پر ٹیکس تو بھارت نے بھی نہیں لگایا۔دوران تقریر عبدالاکبر چترالی آب دیدہ ہوگئے اور کہا کہ سچ یہ ہے کہ اسحاق ڈار، سپیکر اور ارکان سب مل کر غریب کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں ماچس، سیمنٹ اور موبائل پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے،سریا اس بجٹ کے بعد 3 لاکھ روپے ٹن ہو جائے گا،مولانا عبدالاکبر چترالی ماچس کی ڈبی ایوان میں لے آئے اورکہا کہ مہنگائی میں اضافہ عوام پرظلم ہے۔پی ٹی آئی کے نئے منتخب رکن محمود باقی مولوی نے رکنیت کا حلف اٹھایا۔
اجلاس کے آغازمیں مولانا عبد الاکبر چترالی نے کراچی پولیس واقعے کے شہدا اور کلرکہاربس حادثے میں جاں بحق افرادکیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔ اسپیکر نے اسمبلی کی کارروائی کل بدھ شام چار بجے تک کیلئے ملتوی کردی ۔
