کراچی: کورنگی میں مبینہ مقابلے کے دوران3 ملزمان ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ ومسروقہ سامان برآمد کرلیاگیا۔کورنگی تھانے کی حدودکورنگی ڈھائی نمبرباکری پیٹرول پمپ کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے میں 3 ملزمان کو ہلاک کردیا،ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق ہلاک ملزموں کے قبضے 2 پستول ،ایک نئی 125 موٹرسائیکل،9 مسروقہ موبائل فونز،شناختی کارڈ،اے ٹی ایم کارڈ اور کمپنیوں کے کارڈ برآمد ہوئے،پولیس کادعوی ہے کہ ملزمان لوٹ ما رکے بعد فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
اس دوران پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں 2 ملزمان موقع پرہلاک جبکہ تیسراشدیدزخمی ملزم اسپتال پہنچانے کے دوران راستے میں ہلاک ہوا،فوری طور پر تینوں ہلاک ملزموں کی شناخت نہیں ہوسکی ،ان کی عمریں 25 ،26 اور27 برس کے قریب بتائی جاتی ہیں تاہم پولیس نے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے بعد لاشیں سردخانے منتقل کردیں۔
ایس ایچ او کے مطابق ایک متاثرہ شہری جس سے ملزمان نے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھینا تھا اس نے ایک ہلاک ملزم کو شناخت کیا جبکہ وہ دو ہلاک ملزمان کو اندھیراہونے کے باعث پہچان نہیں سکا ۔اس کا کہنا ہے کہ جس اسے لوٹا گیا اس دوران دو ملزمان اندھیرے میںکھڑے تھے جس کے باعث میں انہیں پہچان نہیں سکا،جبکہ مقابلے کے بعدموقع پر جمع ہونے افراد کے حوالے سے سوشل میڈیا پرمتعدد ویڈیووائر ل ہوئی ،جس میں چند شہریوں کا یہ کہنا تھا کہ یہ وہی ملزمان نے جو میلا ہوٹل پر سب کو اسلحے کے زورپر لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔
پولیس موقع اور تھانے پہنچے والے متاثرین سے بیانات لے رہی ہے،جبکہ ہلاک ملزموں کی شناخت کے حوالے سے بھی جھان بین کی جارہی ہے ،جبکہ ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کا کہناہے کہ موٹرسائیکل سوار تین ڈاکو شہریوں سے موبائل فون اورنقدی چھین کر فرار ہوئے تھے، پولیس نے عوام کی اطلاع پر ملزمان کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں تینوں ڈاکو مارے گئے۔
علاوہ ازیں کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے کورنگی گودام چورنگی کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم میرمرتضی ولد نصیر کو زخمی حالت میں ساتھی راجاسمیت گرفتار کر کے قبضے سے اسلحہ ، موبائل فونز اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر کے زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق گرفتارملزمان اسٹریٹ کرمنل ہیں۔
سچل پولیس نے سپرہائی وے ہاشم آباد کچے روڈ کے قریب مقابلے کے بعد ملزم کاظم ولد غلام تقی کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرکے ملزم کو طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا۔
