اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نےقائد مسلم لیگ(ن) نواز شریف اورملک کے مستقبل اپنے نوجوانوں کو’’یوتھ پروگرام‘‘کے 10 سال مکمل ہونے پرمبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سال 2023کونوجوانوں کا سال قراردیا ہے،ملک کو درپیش معاشی مشکلات کے باوجود بھی نوجوانوں کو نظراندازنہیں کرسکتے ، اسی لئے یوتھ پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔
پیر کو’’یوتھ ویک‘‘ کے موقع پرنوجوانوں کےلئے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا 2011میں پنجاب سے جس پروگرام کا آغازکیا تھا،2013میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے اس پروگرام کوملک بھرمیں پہنچا دیا، یہ انقلابی پروگرام نوجوانوں کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہورہا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وفاقی حکومت نے 2023کونوجوانوں کا سال قراردیا ہے جس میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی، محنتی اورہونہاربچوں کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ، دیگراسکیموں کے ذریعے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے علاقےسپن وام میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں آہنی دیوار ہیں۔
وزیر اعظم نے اٹلی میں کشتی حادثے میں دودرجن سے زائد پاکستانیوں کے ڈوبنے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے دفتر خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ جلد حقائق سے قوم کو آگاہ کرے۔
وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ قوم آج پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے،گوکہ ہمارا مقصد سب کے ساتھ امن سے رہنا ہے تاہم مادر وطن کے دفاع کے فرض سے بھی غافل نہیں رہ سکتے، اس حوالے سے کوئی بھی غلطی نہ کرے۔
وزیراعظم لاہور میں دو روز قیام کرنے کے بعد پیر کو واپس اسلام آباد چلے گئے۔
