ترکیہ میں پھر زلز لہ،1 شخص ہلاک، 100 سے زائد زخمی

انقرہ، لاہور: ترکیہ میں ایک مرتبہ پھر 5.6 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 100سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر چار منٹ پر آ یا۔ زلزلے کی شدت 5.6 تھی جب کہ گہرائی 6.96 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ (اے ایف اے ڈی) کے صدر یوسف سیزر کے مطابق ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صوبہ ملاتیا سمیت دیگر صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

قونیہ میں آنیوالے زلزلے کے بعد زمین میں ایک بڑا گڑھا پڑ گیا ۔رپورٹ کے مطابق گڑھے کا رقبہ 1400 میٹر ہے، یہ گڑھا 12 میٹر گہرا اور اس کا قطر 37 میٹر ہے ۔ واضح رہے کہ چند روز آنے والے زلزلے کے باعث ترکیے اور شام میں 50 ہزار سے زائد افراد جاں بحق، ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جب کہ سینکڑوں عمارات منہدم ہوئی ہیں۔

دونوں ممالک میں تاحال امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ادھر ترکیہ میں آنے والے بڑے زلزلوں کے بعد استنبول فٹبال پاور ہاؤس نے ایک مہم شروع کی جس میں میچ دیکھنے کے لیے آ نے والے شائقین کو زلزلہ متاثرین بچوں کے لیے کھلونے لانے کی درخواست کی گئی تھی۔

فٹبال میچ کے دوران شائقین نے زلزلے سے متاثرہ بچوں کے لیے ہزاروں کھلونے گراؤنڈ میں ڈال دیے جس کی ویڈیو ترک میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے زلزلے سے متاثرہ بچوں کے لیے کھلونے دیے ۔

فٹبال میچ کچھ منٹس کے لیے روکا گیا اور اس وقفے میں شائقین نے لائے گئے تحفے گراؤنڈ میں پھینکے ۔

دوسری جانب ایدھی فاو ٔنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی کی زیر نگرانی حال ہی میں ترکیہ میں آ نے والے زلزلے کے باعث تباہ شدہ شہروں میں فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ترجمان کے مطابق ترکیہ شہر ’’ ہاتے ‘‘ میں ایک ہزار متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا مجموعی طور پر اب تک 20000 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے ۔