کراچی: وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان کراچی میں بجلی کی تقسیم کے از سرے نو معاہدے کی تشکیل کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
دائر درخواست میں شہری حلیم خان غوری و دیگر نے موقف اپنایا ہے کہ کہ کے الیکٹرک سے مزید 7 سالہ سرمایہ کاری منصوبے سے متعلق نیپرا نے یکم مارچ کو سماعت مقرر کی ہے۔ نیپرا کی سماعت کے دوران کے الیکٹرک کو ٹریڈ لائسنس کی توسیع اور بجلی کی تقسیم سے متعلق از سرے نو معاہدہ ہوگا۔ کے الیکٹرک کا موجودہ معاہدہ 20 جولائی 2023 کو ختم ہو جائے گا۔ کے الیکٹرک پچھلے معاہدے کے مطابق اپنے وعدے پورے نہیں کرسکی۔ بجلی کی پروڈکشن میں اضافہ نہیں کیا، زائد بلنگ کی ہے۔ کے ای لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔
معاہدے میں ناکامی کے باعث کے الیکٹرک از سرے نو نئے معاہدے کی اہل نہیں۔ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کراچی میں بجلی کی تقسیم سے متعلق اوپن بڈ کی جائے۔ استدعا کی گئی درخواست کے فیصلے تک نیپرا کو کارروائی سے روکا جائے۔
