اسلام آباد :سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ سے متعلق تفصیلی حکم جاری کر دیا۔
جج ظفر اقبال نے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا تفصیلی حکم جاری کر دیا۔
تفصیلی حکم میں عدالت کا کہنا ہے کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں متعدد بار عدالتی پیشی پر غیر حاضر رہے، وہ آخری سماعت کے عدالتی اوقات کے اندرپیش نہیں ہوئے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ عمران خان کی درخواست کے مطابق وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے باعث کچہری نہیں آ سکتے، صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ عمران خان عدالتی پیشیوں کو اپنی ترجیحات کے مطابق رکھ رہے ہیں۔
عدالت نے تفصیلی حکم میں کہا ہے کہ عمران خان کی درخواست قابلِ قبول نہیں، مسترد کی جاتی ہے، اُن کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
عدالت نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
