شمالی اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور : شمالی اور جنوبی وزیرستان میںسکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجہ میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ روز شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سکیورٹی فورسز کیساتھ شدید فائرنگ کے تبادلہ کے دوران مارے گئے دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ، گولہ بارود اور بھاری مقدار میں دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج غیرمتزلزل عزم کیساتھ اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ادھرسی ٹی ڈی پنجاب نے کارروائی کر کے مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے12مبینہ دہشتگردوں کوگرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبہ بھر میں59آپریشنزکے دوران 61مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی۔گرفتار دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان کے ارکان ارشاد اللہ،کلیم اللہ،منظور خان، نیاز محمد محمد زبیر،لشکری جھنگوی کے ارکان نجیب اللہ،محمد طاہرالقاعدہ کے ارکان محمد لقمان سید انس وقار، محمد سلیمان خان ثنا ڈیڈ اور محمد آفتاب شامل ہیں۔

دہشتگردوں کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی بم، دھماکہ خیز 2303 گرام، حفاظتی فیوز 31 فٹ، ایک عدد ہینڈ گرنیڈ ، ڈیٹونیٹرز 14 عدد، پرائما کورڈ 2 فٹ،1 پستول 30 بور معہ 7 گولیاں، کالعدم تنظیم کے 56 سٹیکرز،68 پمفلٹ، کالعدم تنظیم کی 10 کتابیں،4 رسید کتابیں اور17880روپے نقدی برآمد کر لئے گئے ہیں۔

پولیس نے گرفتار مبینہ دہشتگردوں کیخلاف سرگودھا،لاہور،راولپنڈی اور ملتان میں 8مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: