کراچی : کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے تاریخ کے نصاب سے اسرائیل فلسطین اور خلیج کے واقعات کے موضوع پر 2؍ اہم اسباق خارج کردئیے ہیں۔ کیمبرج سے الحاق شدہ اسکولوں کو تاریخ سے متعلق نصاب بھیجا گیا ہے اس میں 2؍ اسباق 1945ء سے اسرائیل اور فلسطین اور خلیج میں 1970ء سے 2000ء تک ہونے والے واقعات کیوں اہمیت رکھتے تھے‘ کو خارج کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے کہا ہےکیمبرج انٹرنیشنل اپنے نصاب کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا ہے اور جائزہ لیتا ہے، موجودہ معلومات کی بنیاد پر تبدیلیاں شامل کرنے کا مقصد رکھتا ہے چونکہ یہ مضمون عالمگیر نوعیت کا ہے اور پاکستان میں یہ مضمون طلبہ کیلئے اختیاری حیثیت کا حامل ہے نہ کہ لازمی، لہٰذا متعلقہ مواد خارج کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جو مضامین لازمی ہیں، جیسا کہ پاکستان اسٹڈیز، ان میں کیمبر ج سسٹم کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ نصاب کا مواد ملک کے قومی کریکولم کے عین مطابق ہو۔
قومی نصاب کونسل کی سربراہ ڈاکٹر مریم چغتائی نے کہا کہ ہم ملک بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں کیلئے قومی نصاب تیار کررہے ہیں ابھی میٹرک یا او لیول تک نہیں پہنچے ہیں آٹھویں تک قومی نصاب تیار کرلیا ہے دو ماہ کے اندر ہم میٹرک یا او لیول کا قومی نصاب بھی تیار کرلیں گے اور پھر کیمبرج پر بھی یہ لازم ہوگا کہ وہ پاکستان میں طلبہ کو قومی نصاب ہی پڑھائے۔
