جو کچھ عمران کررہاہےاگر ہم کرتے تولوگ ہمیں تلاش کررہے ہوتے، خالد مقبول

کراچی:ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ سیاست میں فیورٹ ازم اورڈومیسائل کافرق واضح نظر آرہاہے ہے جو کچھ عمران خان کر رہا ہے اگر ہم کرتے تو ہمارے پیارے ہمیں تلاش کررہے ہوتے، جیل سہولیات سے آراستہ دو نمبر ہو تو سیاستدان بھی دو نمبر ہوتا ہے۔

ڈسٹرکٹ کورنگی میں صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کے دو ڈسٹرکٹ میں ہمارے ایڈمنسٹریٹر ہیں، جہاں عوامی مسائل حل ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں، گزشتہ چودہ سال سے کراچی کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ملک کو چلانے والے شہر کو تعصب اور لاشوں کے سوا کچھ نہ ملا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ اگر حقیقی جیل ہو تو جیل جانے والا لیڈر بنتا ہے تاہم سہولتوں سے آراستہ دو نمبر جیل ہو تو لیڈر بھی دو نمبر بنتا ہے، جو کچھ عمران خان کے ساتھ ہورہا ہے اگر ایم کیو ایم والوں کے ساتھ ہوتا تو آج ہماری مائیں بہنیں ہمیں تلاش کررہی ہوتیں۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے جھاڑو لگا کر صفائی مہم جبکہ پودا لگا کر شہرکاری مہم کا آغاز کیا ۔

خالد مقبول صدیقی نے بلدیہ کورنگی کی ہفتہ صفائی مہم کا آغاز خود جھاڑو اور پودا لگا کر کرتے ہوئے کہا کہ صفائی اور شجر کاری صحت مند معاشرے کے لیے انتہائی ضروری ہے،جہاں صفائی کو نصف ایمان کہا گیا ہے وہیں شجر کاری صدقہ جاریہ ہے، عوام الناس بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، متحدہ قومی موومنٹ کو جب جس صورت موقع ملا ہے، شہر میں ناصرف مثالی ترقیاتی کام ہوئے بلکہ عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونے کے ساتھ معیارِ زندگی بھی بہتر ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: