عدالت پراعتماد ہو یا نہیں آپ کو پیش ہونا ہوتا ہے، شاہد خاقان

کراچی : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدالت جیسی بھی ہو آپ کو اعتماد ہو یا نہیں آپ کو پیش ہونا ہوتا ہے، لیڈروں کو عدالتوں میں جانا پڑتا ہے اور تکلیف بھی اٹھانی پڑتی ہے۔

کراچی میں نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالتوں یا قانون کی پرواہ نہیں صرف اپنی جان کی پرواہ ہے، جس کے وارنٹ جاری ہوئے ہیں انہیں پیش ہونا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں نہ کوئی سیاسی پارٹی چاہیے نہ کوئی عہدہ، پارلیمان سب سے بڑا پلیٹ فارم تھا، اس پر بات ہونی چاہیے، اب یہ پلیٹ فارم مفلوج ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے اعلیٰ عدلیہ کے پاس سوموٹو اختیار ہے، لوگ سالہا سال جیلوں میں بیٹھے ہیں انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں، ان کے کیسز کو ریویو کرلیں 80 فیصد کیسز وہیں ختم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے، کبھی پوچھیں یہاں عدالتوں میں کیا ہو رہا ہے، نئے چیئرمین نیب آئے ہیں امید ہے وہ ہمارے کیسز کا جائزہ لیں گے۔