سینیٹ کی گولڈن جوبلی، 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری

اسلام آباد:اسٹیٹ بینک نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔اسٹیٹ بینک کےاعلامیہ کے مطابق سینٹ آف پاکستان میں تمام صوبوں کو مساویانہ نمائندگی دی گئی ہے، یہ ایک مستقل ایوان ہے جو قومی امور کے پراسیس میں تسلسل کی علامت ہے۔

2023ء اسینٹ کی گولڈن جوبلی کا سال ہے، یادگاری سکے کی شکل گول ہے جسے 30.0 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے، اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا ( تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد) پرمشتمل ہے۔

سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر ’’ اسلامی جمہوریہ پاکستان ‘‘ کے الفاظ اردو سکرپٹ میں کندہ ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال تحریر ہے۔

سکے کی پچھلی طرف اور مرکز میں سینٹ کے امتیازی نشان کو 50 کے فنکارانہ عددی الفاظ کے ساتھ دیا گیا جو اس کے دائیں جانب ہے۔

اس امتیازی نشان کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو سکرپٹ میں ’’ پاکستان اسینٹ گولڈن جوبلی‘‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔ امتیازی نشان کے نیچے گولڈن جوبلی کی مدت (1973-2023) درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: