کراچی : صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے شہر جدہ جانے والے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے جناح ٹرمینل پر کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنایا۔
اس دوران اے این ایف نے کراچی سے جدہ جانے والے مسافر کے سامان سے چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرلی۔
بتایا گیا ہے کہ مسافر اختر جہان سیرین ایئر لائن کی رواز ای آر 812 سے جدہ جا رہا تھا کہ تلاشی کے دوران مسافر کے سامان سے 3 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی جو ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپائی گئی تھی، مسافر اختر جہان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مردان سے ہے، مسافر کو منشیات سمیت حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں کراچی میں ایئر پورٹ سکیورٹی فورس نے ایک کروڑ روپے مالیت کی منشیات شہر قائد سے مسقط اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، کراچی ایئرپورٹ پر مسقط جانے والے مسافر سے ایک کروڑروپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی، اس مقصد کے لیے ایئرپورٹس سیکورٹی فورس کی جانب سے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ ملزم نور محمد خان کے قبضے سے 930 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت ایک کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتی ہے، مسافر نور محمد خان نے یہ ہیروئن اپنے شولڈر بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا۔