کراچی ،اسلام آباد : یوم پاکستان آج (جمعرات کو) اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاکستان پرکوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اس کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا اور وطن کی خوشحالی اور ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔
یوم پاکستان کے حوالے سے مرکزی تقریب آج جمعرات کو ایوان صدر میں ہوگی جس میں وزیراعظم شہباز شریف ،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزراء ،گورنرز ، صوبائی وزراء اعلیٰ ، افواج پاکستان کے سربراہان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ،پاکستان میں مقیم غیر ملکی سفارتکار ، اعلیٰ بیورو کریٹس اور دیگر اہم شخصیات شرکت کرینگی ۔
اس موقع پر افواج پاکستان کی مشترکہ پریڈ بھی ہوگی ، کفایت شعاری کے اقدامات کے باعث اس مرتبہ پریڈ محدود رکھی گئی ہے ۔ صدر مملکت پریڈ کا معائنہ کرینگے اور اس موقع پر قوم سے خطاب بھی کرینگے ۔ بعد ازاں پاک فضائیہ کے جنگی طیارے فلائی مارچ پاسٹ کرتے ہوئے ایوان صدر کے اوپر سے گزریں گئے اور صدر کو سلامی پیش کرینگے ۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم بھی فضائی کرتبوں کا مظاہرہ کرے گی ۔صدر مملکت نے یوم پاکستان کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک ایسا عہد ساز دن ہے جو ہمیں اپنے ماضی کی یاد دلاتا ہے۔
پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ جاری پیغامات میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کا دن برصغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت او رقوم کو دمبارکباد پیش کرتا ہوں۔
