لاہور : چیئرمین تحریک انصاف، سابق وزیراعظم عمران خان نے ن لیگی قائد پر تنقید کی اور کہا کہ بزدل شخص لیڈر نہیں، نواز شریف بن جاتا ہے۔
لاہور زمان پارک میں کارکنوں کی افطار پارٹی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، ہم نے انصاف لینا ہے، آزادی کی جنگ کیلئے قوم تیار رہے، سہولت کاروں نے ہمیں غلام سمجھ کر چوروں کا ٹولہ اوپر بٹھادیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب لیڈر ہیں، کیوں کہ ہم اشرف المخلوقات ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر حملہ کیا گیا، اب علی امین کو گرفتار کرلیا تاکہ یہ بتاسکیں کہ ہم غلام ہیں، ہم اپنی صلاحیتوں کو آزماتے نہیں، جس کی بڑی وجہ خوف ہے، لیڈر خوفزدہ نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ رب العزت نے انسانوں کو بے پناہ صلاحیتیں بخشی ہیں، میں اسلام کا اسکالر نہیں، سب کچھ زندگی سے سیکھا، جو انقلاب اللہ کے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لیکر آئے، ویسا دنیا میں کہیں نہیں آیا، لا الہ الا اللہ کی طاقت ہے کہ دو سپر پاورز نے گھٹنے ٹیک دیئے۔
عمران خان نے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آزادی دی، انصاف دیکر معاشرے میں سب کو برابر کیا، جرگے میں طاقتور کو کمزور کے سامنے بٹھا کر انصاف کیا جاتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہندوستان والے پہلے ہی غلام تھے، وہ لڑتے نہیں تھے، افغانستان کو 3 سپر پاورز فتح نہیں کرسکیں۔
بزدل شخص لیڈر نہیں، نواز شریف بن جاتا ہے، عمران خان
