لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے، مساجد میں رونقیں بڑھ گئیں

کراچی : لاہور ،کراچی سمیت ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں فرزندان اسلام سنت اعتکاف بیٹھ گئے،مساجد میں رونقیں بڑھ گئیں۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر کی مجموعی 437 وقف مساجد میں سے 100سے زائد مساجد میں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا گیا ہے۔

بادشاہی مسجد میں خود چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان/خطیب مولانا سید عبد الخبیر آزاد، جبکہ داتا دربار کمپلیکس میں کنوینئیر لنگر میاں سعید دمعتکفین کو سحر اور افطار میں کھانے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی سہولیات فراہم کرنے کے نگران ہیں۔

اس سلسلے میں انہیں منیجرز داتا دربار طاہر مقصود، غلام رسول اور عرفان محمود کی معاونت بھی حاصل ہے ۔عتکاف کی سعادت حاصل کرنے کے لئے داتا دربار کمپلیکس پہنچنے والوں کا استقبال ایڈمنسٹریٹر داتا دربار توقیر محمود وٹو نے اعتکاف کمیٹی کے سربراہ شیخ جمیل اختر، الحاج تبریز محمود چشتی کی ہمراہی میں کیا۔۔

تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد میں معتکف ہونے والوں کو چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی/ خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے خوش آمدید کہا ۔ جبکہ ایڈمنسٹریٹرمحمد علی خان نے اسسٹنٹ اورنگزیب و دیگر سٹاف کی ہمراہی میں معتکفین کی ان کے کیبن تک راہنمائی کی ۔

کراچی میں بھی لاکھوں معتکفین نفلی عبادات کے ساتھ لیلة القدر بھی تلاش کریں گے۔دوسری جانب رمضان المبارک1444ھ کاآخری عشرہ شروع ہوتے ہی مساجد میں جہاںرش پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے ، وہیں پر معتکف ہونے والوں کی وجہ سے مساجد کی رونقوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔

20ویں رمضان المبارک کو بعد نماز عصر کراچی، اسلام آباد، لاہور ،کوئٹہ، پشاور سمیت پاکستان کے ہرچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہاتوں کی مساجد میں معتکف ہونے ولوں نے مغرب کی نماز مسجد میں ادا کی اور عبادت میں مشغول ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: