کراچی: آئی ایم ایف کا سعودی عرب سے 2ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر فنانسنگ کی تحریری ضمانت ممکنہ طور پرموصول ہونے پر قرض پروگرام بحال کرنے پر آمادہ ہونے اور سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران ترسیلات زر کی آمد بڑھنے سے سپلائی میں بہتری کے باعث جمعرات کو بھی ڈالر ریورس گئیر میں رہا۔
ڈالر کے انٹربینک ریٹ 286 اور 285روپے سے بھی نیچے آگئے جبکہ اوپن ریٹ بھی گھٹ کر 292روپے کی سطح پر آگیا۔
آئی ایم ایف نے قبل ازیں معاہدے کے لیے دوست ممالک کے 6 سے 7ارب ڈالر کی مالیاتی ضمانت کی شرط عائد کی تھی جس میں اب نرمی کردی گئی ہے اور اب 3ارب ڈالر کی تحریری مالیاتی ضمانت پر بھی قرض پروگرام کی بحالی کا عندیہ دیا گیا ہے جس سے قرض پروگرام بحال ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
ماہرین کا کہنا کہ درآمدات کے لیے بھی ڈالر کی طلب انتہائی محدود ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کے سخت اقدامات کے بعد ایکسپورٹرز بھی اپنی ذرمبادلہ میں برآمدی ترسیلات بھنانے لگ گئے ہیں جو مارکیٹ میں رسد میں اضافے کا باعث بن گیا ہے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بتدریج تگڑا ہونے لگا ہے۔کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 2.29روپے کی کمی سے 284.33روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی ۔
دورانیے کے وسط میں ڈیمانڈ کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.72روپے کی کمی سے 284.90روپے کی سطح پر بند ہوئے اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 2روپے کی کمی سے 292روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
