کئی شہروں میں بارش، آندھی ،طوفان ، ندی نالوں میں طغیانی، 3 جاں بحق

لاہور،اسلام آباد: لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ پھر شروع ہو گیاجس کے ساتھ ہی موسم خوشگوارہو گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹی سمیت 5 افرادجاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، ساہیوال، حافظ آباد ،سیالکوٹ، سمندری، سرگودھا، بہاولپور، راجن پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات گئے موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکے بادل برسنا شروع ہو گئے، بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

ادھر ضلع خیبر میں طورخم سرحد پر بڑا پہاڑی تودہ گرنے سے تقریباً 2 درجن ٹرک اور کنٹینر مٹی اور پتھروں کے نیچے دب گئے،پاک آرمی نے 12 زخمیوں کو زندہ نکال لیا، واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، مزید افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

طورخم سرحد پر حادثہ منگل کو سحری کے وقت پیش آیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر میں طورخم روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، آرمی انجینئرز کے متعدد ڈمپرز، ڈوزر اور مشینری ملبہ ہٹانے کے کام میں حصہ لے رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب 100 سے زائد ٹرک طورخم سرحد عبور کرنے کیلئے انتظار میں کھڑے تھے۔

حکام نے بتایا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی، علاقے میں رات بھر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

امدادی کارکنوں کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے متعدد ٹرکوں میں آگ لگ گئی، جس میں زخمی ہونیوالے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب نرگاسی میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹی جاں بحق جبکہ 2خواتین زخمی ہوگئیں۔

سوات کے سیاحتی علاقے بحرین میں شدید بارش سے دریائے سوات اور درال خوڑ کا پانی بپھر کر بحرین بازار کی دُکانوں میں داخل ہوگیا، بحرین اور کالام روڈ بند ہونے سے سیاح پھنس گئے خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کالام میں 51 ملی میٹر بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق دیر میں 36، چترال میں 27، پٹن میں 23، مالم جبہ میں 18 اور دروش میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بلوچستان کے علاقے سبی، چمن، پشین، قلعہ عبداﷲ، لورالائی، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں بھی آندھی کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی ہے۔بارش کی وجہ سے ہرنائی پنجاب شاہراہ اور کوئٹہ سبی شاہراہ پر سیلابی ریلوں سے ٹریفک متاثر ہوگئی۔دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے طورخم کے نزدیک ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجہ میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے ریسکیو کا کام تیز تر کرنے اور شاہراہ کی جلد از جلد بحالی کی بھی ہدایت کی ۔