سوات: تھانے میں دھماکے،12 اہلکار شہید،متعدد زخمی، لکی مروت میں 3 خودکش بمبار ہلاک

سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت: سوات میں تھانے پر دہشتگردانہ حملہ،12اہلکار شہید، 16 زخمی جبکہ لکی مروت میں 2 بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا،تیسرا فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ انسپکٹرسمیت2 اہلکار زخمی ہو گئے۔

سوات کے علاقے کبل میں تھانہ سی ٹی ڈی کے قریب 2دھماکے، 12ہلکا شہید اور 16 زخمی ہو گئے ۔دھماکوں سے علاقے کی بجلی بند ہوگئی۔ڈی پی او سوات شفیع اللہ کے مطابق دھماکے اور آگ لگنے سے تھانے کی عمارت گر گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ڈی ایس پی عطا اللہ کے مطابق دھماکہ کبل تھانے کے اندر ہوا۔

قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں ، درجنوں افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ایک دھماکہ تھانے کے اندر اور دوسرا تھانے کے گیٹ پر ہوا۔

دوسری جانب لکی مروت میں پولیس کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ایک دہشت گرد فائرنگ میں مارا گیا، لکی مروت کے نواحی گاؤں پہاڑ خیل تھل میں آپریشن کیا گیا جس میں سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس اہلکار شامل تھے،آپریشن کے دوران دو خودکش حملہ آوروں نے خود کو اڑا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران کل تین دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو سی ٹی ڈی اہل کار انسپکٹر جاوید اور اے ایس آئی عرفان زخمی ہوئے جنہیں گورنمنٹ سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کے مطابق دہشتگرد زبیر ولد عبدالغفار فریادی سکنہ پہاڑخیل تھل تھانہ لکی سٹی کے ٹھکانے پرسی ٹی ڈی اہلکاروں نے چھاپہ مارا تو اس دوران دہشتگردوں اور پولیس کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سی ٹی ڈی اہلکاران انسپکٹر جاوید اور کانسٹیبل عرفان زخمی ہوگئے ۔

اس دوران دہشتگرد نعمان ولد عرب خان اور تحسین اللہ ولد میر صاحب خان ساکنان پہاڑخیل تھل نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ ان کا ایک ساتھ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس نے زخمی اہلکاروں کوکو سٹی لکی ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔