کراچی : محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے 27 یا 28 اپریل کو بارشوں کا طاقتور اور طویل سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جو 6 یا 7 مئی تک ملک پر اثر انداز رہے گاجبکہ مئی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
آئندہ کچھ دن ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
شہرِ قائد کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں, ایران کے قریب بحیرۂ عرب میں سرکولیشن بھی بنی ہوئی ہے, سندھ کے بیشتر مقامات گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں۔
سندھ میں کہیں تیز کہیں موسلادھار بارش، کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، تھنڈر اسٹورم بننے پر آندھی اور بجلی گرنے کا بھی خدشہ رہے گا۔سندھ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اس سسٹم کے زیرِ اثر اچھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں 28 اپریل کی رات سے اس سسٹم کے اثر انداز ہونے کا امکان ہے، مئی کے پہلے ہفتے میں اس سسٹم کی شدت زائد رہ سکتی ہے اور کراچی میں کہیں ہلکی کہیں تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختون خوا کے 90 فیصد علاقوں میں اس سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان ہے، صوبے کے مختلف مقامات پر آندھی، ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
