اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان امن کا خواہاں ہے،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےپی اےایف اکیڈمی اصغرخان رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاس آئوٹ ہونے والےکیڈٹس اور ان کےوالدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاک فضائیہ کی اکیڈمی میں اعلیٰ معیار اور ڈسپلن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، پاس آئوٹ ہونےوالے کیڈٹس مستقبل کا اثاثہ ہیں، ان کیڈٹس کو کامیابی ان کی مسلسل محنت اورغیرمتزلزل عزم کے باعث ملی ہے، پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا،پاک فضائیہ دنیا بھرمیں بے مثال مہارت کی حامل ہے، پاک فضائیہ نے فروری 2019 میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو عشروں کےدوران قوم نے دہشتگردی ، انتہاپسندی اورشدت پسندی کا سامنا کیا ، پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسورکا جوانمردی سےمقابلہ کیا ،پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پرکھڑی ہے،یقین ہے مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گی،دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سمیت متعددچیلنجز درپیش ہیں ، پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے ، معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کیلئےہرممکن کوشش کررہے ہیں،اسلئے میثاق معیشت چاہتے ہیں،عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے،جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوجائیں گے، اللہ تعالیٰ ملکی ترقی کیلئےہمیں ملکرکام کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔
وزیراعظم نے پاس آوئٹ ہونے والے کیڈٹس کوبیج لگائے ۔انہوں نے گارڈ آف آنرکا معائنہ بھی کیا۔تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم سے چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے ملاقات کی ۔
وزیراعظم نے کہاپاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے،باصلاحیت بلوچ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں جنکی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،گوادر بندرگاہ کی ترقی کیساتھ مقامی لوگوں کو بین الاقوامی معیارکی شہری سہولیات کیلئے دن رات کوشاں ہوں۔ اختر مینگل نے وزیرِ اعظم کو بلوچستان کےعوام اور منتخب نمائندوں کی جانب سے وزیرِ اعظم کے ملکی بقااوربلوچستان کی ترقی کیلئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم سے متحدہ مجلس عمل کےرکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
صلاح الدین ایوبی نے وزیرِاعظم کو اعتماد کےووٹ پرمبارکباد بھی پیش کی۔وزیرِ اعظم سے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ملاقات کی اور قومی اسمبلی کے ان پر مکمل اعتماد پر انہیں مبارکباد پیش کی۔حنیف عباسی نےوزیرِاعظم کویورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن انسٹیٹیوٹ راولپنڈی کے فعال ہونے پر عوامی پذیرائی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور وزیرِ اعظم کی عوامی فلاح کے اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔