کراچی: فلورملزایسوسی ایشن اورمحکمہ خوراک سندھ کے آمنے سامنے آنے کے بعد کراچی میں آٹا کا بحران شدت اختیار کرجانے کا خدشہ ہے، فلورملزایسوسی ایشن کا الٹی میٹم ختم ہونے کے بعد ہڑتال کی کال دی جائیگی۔
محکمہ خوراک سندھ نے فلور ملزایسوسی ایشن پربلیک میلنگ کا الزام لگا دیا اورکہا کہ گندم فراہم کرنے کے باوجود کراچی میں آٹا کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔
فلورملزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کراچی کیلئے گندم کی نئی فصل خریدنے پرغیراعلانیہ پابندی عائد ہے،محکمہ خوراک سندھ کراچی کیلئے درآمدی گندم سے آٹا تیارکرنے کیلئے بلیک میل کررہا ہے۔
محکمہ خوراک سندھ کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن بلیک میلنگ کر رہی ہے،کراچی کی فلورملزکو 15 اپریل سے اب تک 4 لاکھ گندم کی بوریاں دی گئیں،فلورملزایسوسی ایشن مصنوعی بحران پیدا کرکے مال اسٹاک کرنا چاہتی ہے۔
محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق اب تک 4 ارب روپے کی گندم فلورملز کو دے چکے ہیں، 200 گندم کے ٹرکوں کو دیگرشہروں سے کراچی آنے کی اجازت دی،محکمہ خوراک سندھ کے مطابق گندم کی اسمگلنگ روکنے کیلئے اقدمات کئے جارہے ہیں۔
فلورملزایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک سندھ اندرون سندھ سے گندم کی نئی فصل خریدنے پرغیراعلانیہ پابندی عائد کررکھی ہے اورکراچی کیلئے مقامی گندم کی بجائے درآمدی گندم سے آٹا تیارکرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک سندھ پاسکو کے ساتھ ملکر گوداموں میں خراب ہوجانے والی گندم درآمدی گندم کے ساتھ خریدنے کیلئے بلیک میل کررہا ہے۔
