اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت میں عمران خان کے بطور وزیراعظم اور وفود کے ہمراہ بیرون ممالک دوروں پر اخراجات کی تفصیل سامنے آگئی جس کے مطابق 3 سال میں 11 ارب 15 کروڑ 43 لاکھ 4 ہزار روپے خرچ ہوگئے ۔
موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے مالی سال 2022-23 کے پہلے 9 ماہ میں بیرون ملک دوروں کے دوران ایک ارب 31 کروڑ 13 لاکھ 91 ہزار روپے اخراجات آئے ۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے پہلے مالی سال-19 2018 میں وفود کے ہمراہ بیرون ممالک دوروں پر 2 ارب 88 کروڑ30 لاکھ روپے اور شہباز شریف کے پہلے مالی سال میں ایک ارب 31 کروڑ 13 لاکھ 91 ہزار روپے کے اخراجات ہوئے۔
عمران خان اور وفود کے بیرون ممالک دوروں پر مالی سال 2018-2019 تا 2021-2022 کے مارچ تک مجموعی طور پر 11 ارب 15 کروڑ 43 لاکھ 4 ہزار روپے کے اخراجات ہوئے۔
عمران خان اور وفود کے دوروں کیلئے 3 سال میں 2 ارب 45 کروڑ 99 لاکھ روپے سپلیمنٹری بجٹ لیا گیا۔
مالی سال 2020-2021 میں عمران خان اور وفود کے بیرون ممالک دوروں پر انٹرٹینمنٹ اور گفٹس پر 2 کروڑ 85 لاکھ 43 ہزارجبکہ 2021-2022 میں2 کروڑ 28 لاکھ 17 ہزا رروپے اور وفود کے بیرون ممالک دوروں پر 10 کروڑ12 لاکھ روپے کے اخراجات کئے گئے۔