بارش سے بلوچستان میں نظام زندگی مفلوج

لاہور،کیچ،اوتھل:بلوچستان کے ضلع کیچ میں واقع میرانی ڈیم حالیہ بارشوں کے باعث پانی سے بھر گیاہے،بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق کیچ میں میرانی ڈیم کے سپل وے سے پانی کا اخراج جاری ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق میرانی ڈیم میں سپل وے کی سطح 244 فٹ ہے جبکہ پانی کا اخراج 244 اعشاریہ 60 فٹ ہے ۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ طوفانی ہوائوں سے نظام زندگی سخت متاثر ہوا ہے،سیلابی ریلوں سے ہرنائی پنجاب شاہراہ کے مختلف مقامات پر ٹریفک معطل رہی۔

اوتھل میں مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش اور تیسرے دن بھی گزشتہ سال آنے والے سیلاب کے دوران ٹوٹنے اور بہہ جانےوالی پلوں میں سیلابی ریلے آنے سے کراچی سے کوئٹہ اور اندرون بلوچستان جانے والی شاہراہ بلاک،مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے ، ٹنڈوالہ میں لڑکا بارش کے باعث میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں جوہر ٹائون، گرین ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔سیالکوٹ، قصور، گوجرانوالہ، شکر گڑھ اور دیگر شہروں میں بھی بادل برسے۔

گوجرانوالہ اور پھولنگر میں باران رحمت برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز الائی پنجاب، کشمیر ، بالائی خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز خیبر پختو نخوا، اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: