ڈارک ویب مارکیٹ کیخلاف دنیا بھر میں کریک ڈاؤن، 300 سے زائد درندے گرفتار

لندن : بین الاقوامی پولیس یورو پول نے ڈارک ویب مارکیٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دنیا بھر سے 300 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق مختلف ممالک سے ہے جن کے قبضے سے منشیات، ہیروئن، آٗئس سمیت دیگر نشہ آور ادویات اور اسلحہ و نقدی برآمد ہوئی ہے۔

برطانیہ سے 55 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا جو ڈارک ویب پر غیر قانونی اشیا، منشیات فروخت کررہے تھے۔

دنیا بھر میں جہاں یورو پول پولیس نے کارروائی کی اُن میں امریکا، جرمنی، نیدرز لینڈ، آسٹریلیا، فرانس، سوئٹرز لینڈ، پولینڈ، برازیل شامل ہیں۔

سب سے زیادہ ملزمان امریکا سے 153 گرفتار کیے گئے جبکہ برطانیہ سے 55، جرمنی سے 52، نیدرلینڈ سے 10، آسٹریا سے 9، فرانس سے پانچ، سوئٹزرلینڈ سے دو جبکہ پولینڈ اور برازیل سے ایک ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔

گرفتار ہونے والے افراد ڈارک ویب پر مونوپلی مارکیٹ کے نام سے پلیٹ فارم کے ذریعے غیر قانونی خرید و فروخت کررہے تھے، جہاں خطرناک ترین منشیات کی خرید اور فروخت بھی جاری تھی۔

فرانس کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نیشنل کرائم ایجنسی نے کارروائی میں 43 ملین پاؤنڈ سے زائد کی غیر قانونی اشیا بشمول منشیات بھی برآمد کی ہے جن میں 850 کلوگرام ڈرگز، بشمول 43 کلو آئس،10 کلو سے زائد نشہ آور گولیاں بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: