مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کو مظلوموں کی جماعت قرار دے دیا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کونیئر نے ایم کیو ایم اور اس کے جھنڈے کو مظلوموں کی جماعت قرار دے کر اس کی تمام مصائب کے باوجود تاحال قائم رہنے کی وجہ بتادی۔

ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام یوم مزدور کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جس جھنڈے کے نیچے آپ کام کر رہے ہیں یہ مظلوموں کی جماعت ہے اس کے جدو جہد کے 40 سال اسکی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ماضی میں دیواروں پر لکھتے تھے کہ کوئی ایم کیو ایم کو نہ تو خرید سکتا ہے اور نہ اسے رشوت دے سکتا ہے، اتنا سب کچھ اور ظلم ہونے کے بعد بھی اگر یہ تحریک قائم ہے تو یہ ہمارے کردار اور جدو جہد کی وجہ سے قائم ہے یہ حق مانگنے اور چھینے والوں کی جماعت ہے۔

سید مصطفٰی کمال نے مزید کہا کہ آج آپ کو دیکھ کر لوگ ایم کیو ایم کا پتا لگائینگے کہ یہ کہاں سے آیا ہے، آج جہاں جہاں ہمارے لوگ اداروں میں بیٹھے ہیں کیا ہم اب یہ لکھ کر لگا سکتے ہیں کہ اس آدمی کو رشوت دیکر دکھائے کیا اب ہم یہ لکھ سکتے ہیں؟ اوپر سے لیکر نیچے تک جس کو موقع مل رہا ہے وہ چوری کر رہا ہے اگر ہم ایسا ہی کرتے رہے تو یہ معاشرہ کبھی نہیں بدل سکتا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ہمیں خود کو بدلنا ہے تب ہی ہم اس نظام کو بدل سکتے ہیں،آج سے ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم رشوت نہیں لینگے اور اپنے ادارے اور عوام کے تمام مسئلوں کو نیک نیتی سے حل کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: