بیرون ملک سے آنیوالے مزید 4افراد میں منکی پاکس کا شبہ

کراچی:جنوبی افریقہ سے کراچی پہنچنے والی پرواز میں 2 افراد میں منکی پاکس کی علامات پائی گئیں، ان کے خون کے نمونے لیب ٹیسٹ کے لئے بھیجوا دیئے گئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ سے کراچی پہنچنے والی پرواز کے 2 افراد میں منکی پاکس کی علامات پائی گئیں جس کے بعد مسافر خاتون اور ساتھ آنے والے بچے کے خون کے نمونے حاصل کرلئے گئے۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ مشتبہ مسافروں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لئے ڈاؤ یونیورسٹی اور نجی اسپتال کو بھیج دیئے گئے ہیں۔مشتبہ مسافروں کے لیب ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک مسافروں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

بیرونِ ملک سے کراچی آنے والی 9 سالہ بچی اور 16 سالہ نوجوان کو منکی پاکس کے مشتبہ مریض قرار دے دیا گیاہے۔

سعودی ایئرلائن کے ذریعے جدہ سے کراچی آنے والی 9 سالہ راحیلہ منسوب کو منکی پاکس کی مشتبہ مریضہ قرار دیا گیا۔اسی پرواز سے کراچی پہنچنے والے عفان محمد نامی نوجوان کو بھی مشتبہ مریض قرار دیا گیا۔

محکمہ صحت سندھ کے اہلکاروں کی جانب سے منکی پاکس سے متاثرہ دونوں مشتبہ مسافروں کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے آئسولیشن سینٹر منتقل کر دیا گیاہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جدہ سے کراچی پہنچنے والے30 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی ،متاثرہ شخص کو آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا اور مزید ٹیسٹ لئے گئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص جدہ میں ڈرائیور ہے، جو مسقط کے راستے بذریعہ ہوائی جہاز کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کا ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پی سی آر ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد اس میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: