حافظ نعیم کا دھاندلی کا مؤقف تسلیم، میئر کراچی کی کامیابی کا مشروط نوٹی فکیشن جاری کردیا

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کی بدترین دھاندلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حافظ نعیم الرحمن کے مؤقف کو تسلیم کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر اور ڈپٹی میئر کی کامیابی کے آج کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو سندھ ہائیکورٹ میں حافظ نعیم الرحمن کی پٹیشن کے فیصلے سے مشروط کردیا۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے میئر کے امیدوار کے لیے سندھ اسمبلی میں لوکل ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق توقع ہے کہ عدالت عالیہ میں ہماری درخواست پر حق اور انصاف پر مبنی فیصلہ ہوگا۔ میئر کے جعلی انتخاب میں دھاندلی اورمینڈیٹ پر قبضے کے خلاف ہر فورم پر مقدمہ لڑیں گے۔ تمام یونین کمیٹیوں کے انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر منتخب شخص کو میئر بنانے کے لیے غیر آئینی تبدیلی پیپلزپارٹی کی بدنیتی کو ظاہر کرتی ہے۔