کراچی عمران خان اور پی ٹی آئی کا ہے، آفتاب صدیقی

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی کال پر سندھ بھر میں آئین پاکستان کے تحفظ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں اور پرامن مظاہرے منعقد کئے گئے۔

 اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس نرسری سے نمائش چورنگی تک نکالی گئی۔

ریلی میں پی ٹی آئی کارکنان موجود تھے جن کے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کیلیے مختلف نعرے درج تھے۔

 پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے ریلی کی قیادت کی جبکہ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، ارسلان تاج، جمال صدیقی، بلال غفار، شہزاد قریشی، کیپٹن جمیل، سعید آفریدی، علی جی جی سمیت دیگر رہنماوں اور اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

 ریلی کے اختتام پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان اور عہدیداران کا مشکور ہوں جو یہاں تشریف لائے، دیکھ لیں پورے پاکستان میں کتنی بڑی تعداد میں عوام نکلی ہے۔ خیبر سے کراچی تک عوام عمران خان کی کال پر نکلے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ کراچی پی ٹی آئی اور عمران خان کا شہر ہے۔ ہم آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، اس جہاد میں ہر پاکستانی شریک ہے، ہم آئین اور ملک کو بچانے کے لئے نکلے ہیں۔ پی ڈی ایم کی حکومت جب سے آئی ہے اس نے سیاسی، آئینی اور معاشی بحران پیدا کیا ہے۔ جو انہیں لائے ہیں وہ انکے کندھوں سے ہاتھ ہٹا لیں یہ ایک دن کی مار نہیں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اپنے ملک کے لئے جان دینے کے لئے تیار ہیں۔ حکمرانوں  نے آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ یہاں جمہوریت کے بجائے بادشاہت نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ جہاں لوگوں کو اغوا اور گرفتار کیا جاتا ہے، یہاں آزادی رائے کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے۔ 1947 میں لوگوں نے ملک کو بنانے کے لئے قربانیاں دیں تھیں آج سارا پاکستان ملک کو بچانے کے لئے قربانیاں دے رہا ہے۔

آفتاب صدیقی نے کہا کہ جب بھی عمران خان ہمیں کال دیں گے کراچی بھی اسی طرح نکلے گا جس طرح پورا پاکستان نکلتا ہے۔ ہم پیپلزپارٹی کو منتبہ کرنا چاہتے ہیں کہ کل اگر بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کی تو ہمارے لوگ ووٹ کی حفاظت کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، یہ اپنی ہار سے خوفزدہ ہیں۔ جو کہتے ہیں کراچی سے پی ٹی آئی ختم ہوگئی وہ تعصب کی عینک اتار کر عوام کا جم غفیر دیکھیں۔ چیری بلاسم پاکستان میں رہتا ہی نہیں ہے، وزیر خارجہ کا بھی کچھ اتا پتا نہیں ہے۔ عمران خان کے دور میں بھارت کی ہمیں للکارنے کی ہمت نہیں تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: