لاہور،اسلام آباد ،کراچی ،پشاور: تحریک انصاف نے عدلیہ اورچیف جسٹس پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں۔
لاہور میں زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی نکالی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ریلی کی قیادت کی،ریلی میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،ریلی میں ڈاکٹر یاسمین راشد، فرخ حبیب، مسرت جمشید چیمہ، زبیر نیازی، فیصل جاوید اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید شامل تھے ۔راستے میں کارکنوں نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔
لکشمی چوک میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے دودفعہ قتل کرنے کی کوشش کی گئی،جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے،ہمارے اوپرقاتلانہ حملے ہوئے کسی کوپرواہ نہیں،قوم کانقصان ہورہاہے ان کوپرواہ نہیں ہے
۔ریلی کے آغازپرعمران نے کہاکہ حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو ملک کا آئین ختم ہو جائے گا، آئین ختم ہوتا ہے تو ملک کا مستقبل ختم ہوجاتا ہے۔عوام نے گھروں سے نکل کر بتانا ہے چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریلی کے آغاز کے موقع پر عمران نے کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں اپنی ریلی کا آغاز کر رہا ہوں، آج آپ جہاں بھی ہیں، آپ کے لیے ضروری ہے آئین سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے لیے گھر سے باہر نکلیں ، اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائے گا، اگر ایسا ہو تو اس ملک کا اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
قبل ازیں اپنے ٹویٹ میں عمران نے کہا کہ جب ایک قوم اپنی آزادی کیلئے خود میں اس قسم کی تڑپ، جذبہ اور ولولہ پیدا کرلیتی ہے تو دنیا کی کوئی فوج، کوئی طاقت اس خیال کو نہیں دبا سکتی جس کا وقت آن پہنچا ہو! دستور اور چیف جسٹس سے یکجہتی کےاظہار کیلئے ہر پاکستانی ساڑھے پانچ بجے اپنے گھر سے نکلے!۔
پشاور میں کارکنوں نے پیر زکوڑی پل سے ریلی نکالی، کارکنوں نے عدلیہ سے اظہار یک جہتی اور آئین کی بالادستی کے حق میں نعرے بازی کی، ریلی میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔
اسلام آباد میں کارکنان نے زیرو پوائنٹ سے ریلی نکالی، کارکنوں نے آئین بچاؤ ملک بچاؤ کے نعرے لگائے ،اسلام آباد میں پولیس نے 2خواتیں سمیت 4کارکنوں کو گرفتار کرلیا ،کارکنوں کی آمد سے قبل زیرو پوائنٹ پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی، بکتر بند گاڑی اور واٹر کینن بھی زیرو پوائنٹ پر موجود تھی، زیرو پوائنٹ سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کی۔راولپنڈی میں کمیٹی چوک سے شروع ہونے والی ریلی مڑیڑ چوک پر پہنچ کر ختم ہوئی، ریلی میں فیاض ن چوہان، شیخ راشد شفیق اور واثق قیوم عباسی سمیت مختلف رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی پی ٹی آئی نے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں۔اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو 4 مختلف مقدمات میں تفتیش کے لیے طلب کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو 10 اور11 مئی کوشامل تفتیش ہونے کے لیے طلبی کے نوٹس جاری کیے ہیں، انہیں تھانہ رمنا ،تھانہ سی ٹی ڈی اور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمات میں طلب کیا گیا ہے،عمران کوپولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہےجبکہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں سی ٹی ڈی نے عمران خان کو دوبارہ طلب کرلیا۔