اسلام آباد،لندن: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کیلئےبین الاقوامی تعلقات سمیت ہر چیز کھیل ہے ۔
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاپی ٹی آئی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شرکت کو متنازعہ بنانے کی کوششیں تکلیف دہ ہیں ،یہ انتہائی پریشان کن ہے پی ٹی آئی نے کس طرح پاکستان کی اس کانفرنس میں شرکت پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی، یہ حیرت کی بات نہیں ہونی چاہئے کیونکہ عمران نیازی کو ماضی میں بھی ملک کی اہم خارجہ پالیسی کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار نہیں تھا، جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے اس وقت یہی کیا۔
وزیر اعظم نےایک اور ٹویٹ میں کہا دولت مشترکہ کے سربراہان کے اجلاس میں اپنے خطاب میں اپنے یوتھ پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیاجس میں “فور ایز” پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، تعلیم،روزگار،بات چیت اور ماحولیات پر یوتھ پروگرام میں خصوصی توجہ دی گئی ہے،اس پروگرام کے تحت خواتین اور اقلیتی برادری کو قرض سکیم میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی لندن میں برازیل کے صدر لوئز ڈی سلوا،مالٹا کے صدرجارج ولیم ،مالدیپ کے صدر ابرہیم محمد صالح ، زیمبیاکے صدرہاکائندے ہیچولیما،ماریشس کے صدرپرتھوی راج سنگھ روپن ،سری لنکن صدررانیل وکرما سنگھے، برطانوی وزیرمملکت اینڈریو مچل سے ملاقاتیں ہوئیں،وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں میں دوطرفہ اورعلاقائی تعاون کے حوالے سے جائزہ،معاشی تعاون و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقاتوں میں قائدین نے مستقبل میں تعاون بڑھانےپراتفاق کیا۔