کراچی : شہر قائد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہریوں نے تین ڈکیتوں کو ہلا کردیا جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب شہری نے گزشتہ شب شپ اونر کالج کے پاس لوٹ مار کرنے والے ملزمان کو تعاقب کے بعد نشانہ بنایا۔ شہری نے چلتی گاڑی سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو فائیو اسٹار چورنگی سے تھوڑے فاصلے پر سڑک پر گر کر ہلاک ہوا۔
موٹرسائیکل چلانے والے دوسرے ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جو عباسی شہید اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہوسکی۔
گلستان جوہر کے علاقے بلاک 15 کونٹینینٹل بیکری کے قریب عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا اس حوالے سے ایس ایچ او گلستان جوہر عدیل افضال نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران موقع پر موجود عوام نے تعاقب کر کے ایک ڈاکو کو پکڑ تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
تاہم بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے اس کی شناخت کامران کے نام سے کی گئی جو کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ سینٹرل میں لیاقت آباد پولیس کے ہاتھوں غیر قانونی اسلحے اور منشیات کے الزام میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
کلفٹن کے علاقے درخشاں پولیس نے ڈیفنس فیز 5 خیابان شمشیر کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ شدید زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت نیکسن ولد ہارون مسیح کے نام سے کی گئی جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈاکوؤں کے قبضے سے پولیس نے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ پولیس ان کے کرمنل ریکارڈ اور ہلاک ڈاکو کی شناخت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔